کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس ہوا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ بارش متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن کے لیئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام منتخب نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں متاثرین کے مسائل حل کریں، ان کا دکھ بانٹیں، پارٹی کارکنان امدادی کاموں میں انتظامیہ سے تعاون کریں، متاثرین کا خیال رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح باہمت و متحد ہے، ہم مشکل حالات میں طاقت بن کر آگے بڑھنا جانتے ہیں، یہ وقت الزام بازی کا نہیں بلکہ عوام کو بارشوں کی تباہی سے بچانے کا ہے، الزام تراشی کرنے والوں کو نظرانداز کرکے سندھ حکومت اور جیالے خدمت میں مصروف عمل رہیں۔