کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گزشتہ روز کی بارش نے شہر قائد کو ایک بار پھر ڈبو دیا، سرجانی ٹاؤن، شاد مان ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں آج بھی برا حال ہے، پانی گھروں میں موجود ہے، سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، کچرا ہر جگہ نظر آرہا ہے، سڑکوں پر گھڑے پڑ گئے۔
کراچی میں گزشتہ روز کی بارش سے کئی علاقے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں، ہر جگہ صورت حال انتہائی خراب ہے۔ پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے لوگوں کا قیمتی سامان برباد ہوگیا۔ گلیوں اور محلوں میں بھی پانی جمع ہے، کچرا بھی جگہ جگہ موجود ہے، مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔
شادمان ٹاؤن کی بھی وہی کہانی ہے جو ہر بارش کے بعد ہوتی ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، کچرا ہی کچرا نظر آرہا ہے۔ پانی گھروں میں داخل ہونے سے بھی مکینوں کی زندگی عذاب میں ہے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔ کے الیکٹر ک کا سسٹم بھی ابھی تک ٹھیک نہ ہوسکا، کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
دوسری طرف حیدر آباد میں بھی گذشتہ روز ہونیوالی بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔ ریلوے کالونی میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، گلیاں، سڑکیں اور ہر چیز ڈوبی ہوئی ہیں۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع نہ ہوسکیں۔