کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے چوتھے سپیل نے جل تھل ایک کر دیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، صوبائی وزرا نے رات گئے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ گلستان جوہر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کے الیکٹر ک کے ناقص سسٹم نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی ہی پانی ہو گیا۔ کورنگی، کریک روڈ، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے، چورنگی اور ناگن چورنگی کی سڑکیں پانی میں ڈوبی رہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں بوندیں برستے ہی کے الیکٹرک کا سسٹم ٹھس ہوگیا۔ کئی فیڈر ٹرپ کر گئے، نارتھ ناظم آباد، لیاری، صدر، ملیر، کورنگی میں کئی گھنٹے سے بتی غائب ہے۔ لیاقت آباد، انچولی، فیڈرل بی ایریا کے مکین بھی پریشانی سے دوچار ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے اراکین نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے لیاری، کلفٹن سمیت دیگر علاقوں میں واٹر بورڈ کے پمپنگ سٹیشنز کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ، سعید غنی لیاقت نیشنل ہسپتال، اطراف کے علاقوں کے دورے پر پہنچے اور صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔