کراچی بارش: رمیز راجہ نے سندھ گورنمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے غلط تصویر شیئر کر دی

Last Updated On 29 July,2020 06:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کراچی میں ہونیوالی بارشوں کے دوران شہر قائد کی ناقص صورتحال سے متعلق سندھ گورنمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے غلط تصویر شیئر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون موسم کے آغاز سے اب تک 3 بارشیں ہو چکی ہے، ہر بارش کے بعد کراچی کی گلیاں اور سڑکیں کسی ندی نالے نہیں بلکہ دریا کا منظر پیش کرتی ہیں جس پر کراچی کے عوام سمیت شوبز اور کھیلوں کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی سندھ حکومت کی کارکردگی سے کافی نالاں نظر آتی ہیں ۔

اس سلسلے میں پاکستان کے سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پر تالاب کی تصویر شیئر کی، تالاب میں جمع پانی کی رنگت بالکل چائے کی رنگت جیسی نظر آ رہی ہے۔

رمیز راجہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید ی تبصر ے میں لکھا کہ سندھ حکومت نے پورے کراچی کے لیے دودھ پتی چائے کا بندوبست کیا ہے۔

رمیز راجہ کو کیپشن اور غلط تصویر شیئر کرنے پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

چند ٹوئٹر صارفین کی جانب سے رمیز راجہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ بحیثیت کرکٹر اور کمنٹیٹر پاکستان کا اثاثہ ہیں اور پاکستانی اُن کی بہت عزت کرتے ہیں، لہٰذا وہ سیاست سے دور ہی رہیں تو اچھا ہے ۔
 

Advertisement