کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، کراچی کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں: وسیم اکرم

Last Updated On 27 July,2020 06:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم سابق کپتان اور سابق لیجنڈز باؤلر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، میں اپنے شہر (کراچی) کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں۔

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر شاہ کے بیان پر سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا دیکھ کر ٹوئٹ کیا تھا۔ بارش نے ایک مرتبہ پھر کراچی کو تباہ کیا، میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔

ٹویٹر پر سوئنگ کے سلطان نے مزید لکھا کہ پاکستان کا شہری ہوں اور اپنے شہر کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں۔ پاکستان کے عوام بھی بارش سے لطف اندوز ہوں نہ کہ غم زدہ ہوں۔ ہر سال کراچی میں بارش سے بہت لوگ متاثر ہوتے ہیں، یہ چیز مجھے مارتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وسیم اکرم نے کراچی میں بارش کا پانی جمع ہونے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

ان کے اس بیان پر صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے پڑوسی وسیم اکرم کو دعوت دیتا ہوں میرے ساتھ شہر کا دورہ کریں، شہر کی سڑکوں کا جائزہ لیں اور دیکھیں کس طرح پانی کا نکاس کیا گیا ہے۔

ناصر شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وسیم اکرم، اگر آپ مخلص ہیں تو شہر کا دورہ ضرور کریں گے، اگر آپ نے سنی سنائی باتوں پر بیان دیا ہے تو آپ سے زیادہ غیر ذمہ دار کوئی نہیں ہے۔
 

Advertisement