لاہور: (ویب ڈیسک) فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے سیاست کو ایک کھیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست طاقتور اور بےاختیار افراد کے درمیان کا کھیل ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کی بارشوں کے باعث شہر کی ناقص صورتحال دیکھ کر جہاں شہری پریشان ہیں تو وہیں شوبز ستارے بھی شہر کے ابتر حالات دیکھ کر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات جاری کررہے ہیں۔
انہی شوبز ستاروں میں نامور اداکار شان شاہد بھی شامل ہیں جنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تالاب کا منظر پیش کرتیں کراچی کی سڑکوں کی تصاویر شیئر کیں جن میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث شہر کی صورتحال کس قدر خراب ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، کراچی کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں: وسیم اکرم
شان شاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیاست ایک ایسا کھیل ہے جو طاقتور اور بےاختیار لوگوں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔
#khimatters. politics is a game played by the powerful , on the powerless .the suffering of the prople of #khi should be felt and dealt with unity . No matter what political party we belong to humanity should always come first . #Polticsdivides #humanityunites pic.twitter.com/1hrh2e33CL
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) July 29, 2020
اداکار نے لکھا کہ اس مشکل گھڑی میں تمام سیاسی جماعتوں کو کراچی کے عوام کے دُکھ کو محسوس کرنا چاہیے اور کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اتحاد کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم کس سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ہمارا تعلق ہمیشہ انسانیت سے ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں کہیں پانی جمع ہے تو کہیں کیچڑ اور غلاظت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں صفائی کے لیے کے ایم سی کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا، کراچی میں بارش کے بعد لیاقت آباد میں گجرنالہ اوور فلو ہو گیا جس سے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔