کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت رین ایمرجنسی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر کراچی، چیئرمین این ڈی ایم اے، صوبائی وزرا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، کمشنرکراچی، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ بتایا گیا کہ کے ایم سی کے کراچی میں 38 جبکہ ڈی ایم سیز کے 514 چھوٹے نالے ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا مون سون سپیل میں ایک گھنٹے میں 63 سے 86 ملی میٹر بارش ہوئی، ہمارے سسٹم میں 30 منٹ میں 25 سے 30 ملی میٹر نکاسی ہوسکتی ہے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ تمام نالوں سے ہر صورت تجاوزات ختم کرنا ہوں گی۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا سولجر بازار نالے میں پتھر ڈال کر چوک کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا گرین لائن کی انفرا سٹرکچر نے گجر نالے میں پرانے نکاسی سسٹم کو روک دیا۔ کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا سیوریج سسٹم کو جدید سسٹم سے اوپن کرنا ہوگا، اس کام میں ایف ڈبلیو او بھی سندھ حکومت کے ساتھ کام کر سکتی ہے۔