کراچی میں بارش شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی، شاہراہیں‌ زیرآب، پانی گھروں‌ میں‌ داخل

Last Updated On 09 August,2020 06:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جاری بارش شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی، شارع فیصل، بہادر آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ پر پھر پانی جمع ہو گیا، قیوم آباد چورنگی کے قریب گھر ڈوب گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پھر بارش، ہر طرف پانی ہی پانی سے روزمرہ معمولات درہم برہم ہو گئے۔ شارع فیصل، بہادر آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ اور گرومندر میں رات گئے بادل جم کر برسے جس سے کورنگی، ملیر اور کازوے پر سیلاب آ گیا، سڑکیں ڈوب گئیں، قیوم آباد چورنگی کے اطراف بھی بارش کا پانی تاحال جمع ہے۔ کورنگی بھٹائی کالونی مکمل زیر آب آ گئی، مساجد اور گھروں کو جانے والے راستے بند ہو گئے، لوگوں کی زندگی اجیرن ہے۔

بارش کے باعث پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کی فرنیچر مارکیٹ میں بھی پانی آ گیا، سٹی کورٹ اور کے ایم سی ہیڈ آفس کے باہر بھی پانی موجود ہے۔ شہر میں چار روز کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد گیارہ ہو گئی، اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

کے الیکٹرک ترجمان کی جانب سے محض روایتی تعزیت کرنے کے علاوہ اب تک اہلخانہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا جاسکا۔
 

Advertisement