کراچی: اگست میں ہونیوالی سابقہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

Published On 25 August,2020 07:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر میں اگست کے مہینے میں ہونے والی سابقہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، حالیہ مون سون سسٹم کے تحت سابقہ 89سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

فیصل بیس پر رواں سال اگست میں 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے، فیصل بیس کا سابقہ ریکارڈ 298.4 ملی میٹر ہے، مسرور بیس کا ریکارڈ 272 ملی میٹر ہے، ایئرپورٹ پرموجود آبزرویٹری کا سابقہ ریکارڈ 262.5 ملی میٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 1931 کے بعد اگست 2020ء میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: موسلادھار بارش: کراچی پھر ڈوب گیا، اہم شاہراہیں زیر آب، موٹر سائیکلیں خراب

یاد رہے کہ اگست کے مہینے میں ہونے والا بارش کا تیسرا سپیل ہے جہاں اس سے قبل بھی دو مرتبہ شہر میں موسلا دھار بارش سے کئی علاقے زیر آب آ گئے تھے۔  گزشتہ روز 24 اگست کو بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش میں مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کے پانچویں سپیل کا آغاز 21 اگست کو ہوا تھا جس کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

پانچویں سپیل کی بارشوں کے باعث کراچی کے علاقے خصوصاً نیو کراچی سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں موجود بارش کا پانی نہیں نکلا جا سکا تھا کہ چھٹے اسپیل کی طوفانی بارش کے باعث صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ 21 اگست کے روز سب سے زیادہ 185.7 ملی میٹر بارش کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ہوئی تھی جہاں متعدد علاقوں میں گھروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

 

Advertisement