موسلادھار بارش: کراچی پھر ڈوب گیا، اہم شاہراہیں زیر آب، موٹر سائیکلیں خراب

Published On 25 August,2020 08:41 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد ہر شاہراہ نے ندی نالوں اور دریاؤں کا روپ دھار لیا۔ حکومتی دعوے برساتی پانی میں بہہ گئے، بھاری اور ہلکی ٹریفک پانی پر ہچکولے لیتی رہی۔ رہی سہی کسر کے الیکٹرک نے پوری کر دی۔ 400 فیڈرز ٹرپ ہو جانے کے بعد آدھے سے زیادہ شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

میمن گوٹھ میں ملیر ندی پر قائم پل بارش کے پانی میں بہہ گیا۔ موٹر سائیکل سوار اور پیدل لوگ تباہ پل سے جان جوکھوں میں ڈال کر گزر رہے ہیں۔ گلستان جوہر کے علاقے منور چورنگی کے قریب پہاڑی تودا گرنے سے متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دب گئیں۔ پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ابھی تک کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پہاڑی پر موجود جھونپڑیوں اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

 یونیورسٹی روڈ پر گاڑیوں کے شوروم میں پانی بھر گیا۔ شو روم میں کھڑی گاڑیاں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں۔ طوفان خیز بارش کے باعث بھینس کالونی میں مکان کی دیوار گرنے سے 8 سالہ بچہ زندگی ہار گیا۔ ہاکس بے مشرف کالونی میں 13 سالہ لڑکا جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ کراچی میں مون سون کا چھٹا تباہ کن سپیل دھڑلے سے برس رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش 72.0 ملی میٹر گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، ناظم آباد میں 51.6، لانڈھی میں 11.5، سرجانی ٹاؤن میں 25.6 اور پی اے ایف فیصل بیس پر 11.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، حیدر آباد، میر پور خاص، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقےزیر آب آگئے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میر پور خاص اور ڈگری میں بھی تیز بارش ہوئی، پمپنگ سٹیشن بند ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ٹھٹھہ میں انتظامیہ کی غفلت سے ابر رحمت زحمت بن گئی، بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے کچی آبادی زیر آب آگئی۔

عمر کوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، پنگریو میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا، نالے اوور فلو ہوگئے جس سے بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔

ریلوے نے سندھ میں شدید بارش کے باعث ٹرین ڈرائیوروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ ڈرائیورز کو کوٹری، حیدر آباد اور ٹنڈو آدم کے درمیان 2 طرفہ ٹریک پر احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

Advertisement