کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے کراچی میں شدید بارشوں سے متاثرہ شہریوں کیلئے ریلیف کی امید لگا لی، کہتے ہیں دو سال بعد نظر آیا وفاق سندھ میں انویسٹمنٹ چاہتا ہے، لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے مدد چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کو مزید فعال بنانا چاہتے ہیں، کچھ لوگ طعنہ دیتے ہیں کہ سندھ کو پیسہ نہیں دیں گے، یہ پیسہ ان کے باپ کا نہیں، سندھ کے عوام کا ہے۔ این ایف سی کا شئیر ہمارا آئینی حق ہے۔ امید ہے عمران خان بارش سے متاثرہ کراچی کے شہریوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔ ان کو سیاسی اختلافات چھوڑ کر سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، کٹھ پتلیوں کو احساس نہیں کہ اس طرح وفاق کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سےمسائل حل نہیں ہوں گے، ہمیں سیلاب اور ٹڈی دل کا سامنا ہے، شہبازشریف کے شکرگزار ہیں جو مشکل وقت میں کراچی آئے۔