کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے میں ہے۔
پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان کی تحریکِ آزادی پُرامن سیاسی جدوجہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور پٹرول جیسی اشیا مافیاز کے کنٹرول میں کیوں ہیں، نظریہ ضرورت اور آمریت ہر چند سالوں بعد کیوں سر اُٹھا کے سامنے آتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب سروسز ہسپتال کراچی میں یوم آزادی کی تقریب میں وزیر تعلیم سعید غنی پہنچے تو قائداعظم کی تصویر کنارے پر لگانے پر برہم ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصاویر کنارے پر جبکہ ذوالفقاربھٹو کی درمیان میں لگائی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ اس قسم کی غلطیاں ناقابل برداشت ہیں۔