یوم پاکستان پر بزنس کمیونٹی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

Published On 14 August,2025 10:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بزنس کمیونٹی کی جانب سے یوم پاکستان، معرکہ حق اور ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ملنے والے اعزازات کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرم شیخ، سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز، سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو اعزاز ملنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں، اسحاق ڈارنے محنت کے ساتھ خارجہ محاذ پر پاکستان کا وقاربلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطےمیں پاکستان کا ٹیرف سب سے کم ہے، یہ کامیاب سفارت کاری کا نیتجہ ہے، بزنس کمیونٹی کےمسائل کوحل کرائیں گے، بزنس کمیونٹی کی وزیراعظم سے بھی ملاقات کرائیں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرم شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی فیلڈ مارشل کی دل سے قدر کرتی ہے، فیڈریشن آف پاکستان اکانومی کومضبوط کرنے کے لیے دن رات محنت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے اس سال 25 فیصد زائد ٹیکس جمع کروایا ہے، گوہراعجاز نے ہماری ہر قدم پر رہنمائی کی، اسحاق ڈار نے امریکا سے ٹیرف کم کرانے میں اہم کردارادا کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی کا بھی شکرگزارہوں، آئیں سب عہد کرتے ہیں پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرمناسب سیاست کا سب سے بڑا نقصان قوم کو ہوا: اسحاق ڈار

سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ اسحاق ڈارکونشان امتیازملنےپرمبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی معاشی صورتحال کوبہتربنانے پراسحاق ڈارکوسراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خطے کے مقابلےمیں بجلی کا ریٹ زیادہ ہے، بجلی کا ریٹ اورشرح سود زیادہ ہونے پر کیسے صنعتیں لگا سکتے ہیں؟، بزنس کمیونٹی پاکستان کی ترقی چاہتی ہے ،میں چاہتا ہوں حکومت بزنس کمیونٹی کو ساتھ لیکر چلے۔

اس موقع پر سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ہم ہرسال جشن آزادی کی تقریب مناتے ہیں مگر اس سال جنگ جیتنے کیوجہ سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں ہیں، آزادی کیا ہوتی ہے یہ کشمیریوں یا فلسطینیوں سے پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا جس پر فیلڈ مارشل نے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے، بزنس کمیونٹی حکومت اورافواج کےساتھ کھڑی ہے۔

ایس ایم تنویر کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی بے روزگاری کیوجہ سے پریشان ہے، ہم نے حکومت کےساتھ ملکرمہنگائی،غربت کےخلاف جنگ لڑنی ہے، اگر ہم یہ جنگ جیت گئے تو دشمن ہماری طرف نہیں دیکھے گا اور انشااللہ یہ جنگ ہم حکومت کےساتھ ملکرجیت کردکھائیں گے۔