پاک امریکا تعلقات مثبت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں: رضوان سعید شیخ

Published On 18 August,2025 10:24 am

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر اے سی ٹی (آرٹس ، کلچر، ٹیسٹ (ذائقہ) پاکستان 2025 کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں ٹیکساس اور امریکا کے دیگر علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور شرکت کی، اس موقع پر ’’معرکۂ حق‘‘ کے جذبے کو اجاگر کیا گیا، جو پاکستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ ہر جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔

پروقار تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، شرکا کی پرجوش تالیوں کے درمیان، سفیرِ پاکستان نے یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے رب کے سامنے سربسجود ہیں، ہم دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت ہمارا سر فخر سے بلند ہوا ہے، ہماری افواج نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ ہماری خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے۔

سفیر پاکستان نے ’’بنیان المرصوص‘‘ کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشن کی اصل روح اس وقت مکمل ہوگی جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو کر دنیا کے سامنے سر بلند کھڑا ہو، ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد ایک مضبوط معیشت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حالیہ اقتصادی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے سفیرپاکستان نے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے ملک کی بہتر درجہ بندی معاشی بحالی کا ثبوت ہے۔

پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مثبت اور ترقی کی جانب گامزن ہیں، دو بڑے ملکوں کے درمیان مضبوط تعلق صرف ضروری ہی نہیں بلکہ ناگزیر ہیں۔

انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان سب سے مضبوط پل قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا اور انہیں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ترغیب دی۔

ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چودھری، ان کی ٹیم اور کمیونٹی رہنماؤں، جن میں سراج نارسی، سعید شیخ اور دیگر رضاکار شامل تھے، کی کوششوں کو سراہا گیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب میں سفارتی، کاروباری، پیشہ ورانہ اور کمیونٹی حلقوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر کی جانب سے خصوصی پروکلیمیشن بھی تقریب میں پڑھ کر سنائی گئی، جس میں 14اگست کو ’’یومِ پاکستان‘‘ کے طور پر ٹیکساس میں منانے اعلان کیا گیا، جس سے اس تقریب کی مزید اہمیت بڑھ گئی۔

تقریب میں معروف گلوکار تحسین جاوید کا یادگار کنسرٹ، پاکستانی لائنز کلب کی جانب سے پیش کردہ ثقافتی ملبوسات کا دلکش شو اور پاکستان کی تاریخ و ترقی پر مبنی ایک جامع ڈاکیومنٹری شامل تھی، بچوں کیلئے دلچسپ سرگرمیوں جیسے کہ رنگا رنگ پینٹنگ سیشنز، جھولے اور فیملی انٹرٹینمٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

پاکستانی آموں کا سٹال تقریب میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا مقام تھا جہاں شرکاء نے متفقہ طور پر کہا کہ دنیا کے بہترین آم پاکستان کے ہیں، سوال و جواب کے سیشن میں صحیح جوابات دینے والے شرکا کو آموں کی پیٹیاں بطور انعام دی گئیں۔

اس موقع پر ترکش ایئرلائنز کی جانب سے ایک شاندار لکی ڈرا کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں 2 خوش نصیب شرکا کو دنیا کے کسی بھی مقام کا راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ، استنبول میں مفت قیام اور مہمان نوازی کے ساتھ دیا گیا، اس اعلان نے شرکا کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کر دیا۔

یہ فیسٹیول اپنے اتحاد اور ہم آہنگی کے مظاہرے کے باعث نمایاں رہا، جہاں ہیوسٹن کی تقریباً تمام اہم کمیونٹی تنظیموں کے رہنماؤں، کارکنوں اور نمائندوں نے ایک ساتھ شرکت کی، خواتین اور بچوں کی نمایاں شرکت نے اس پروگرام کو مزید یادگار اور ہمہ گیر بنا دیا، جسے شرکا نے اپنے دوستوں اور خاندانوں کے ساتھ بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔