میرپور خاص: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف تمام مقدمات سیاسی اور مذاق سے زیادہ کچھ نہیں، سابق صدر کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے، نیب کو ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے، توشہ خانہ کا نہیں، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی کا حساب لیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حساب تو سب کا ہو، جھوٹا کھیل کھیلنا بند کیا جائے، ایک نہیں دو پاکستان واضح نظر آ رہے ہیں، دوغلا نظام نہیں چلے گا، بتایا جائے وزیراعظم کے خلاف جے آئی ٹی بنے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا میرپور خاص میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، بارشوں سے اندرون سندھ میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، میر پور خاص پورا سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، 2011 میں اس طرح کی بارش ہوئی تو پوری دنیا متوجہ ہوئی تھی، ہمیں متاثرین کو ریلیف دینا ہوگا، کسانوں کو ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا آپ پانچ گھنٹے کے ٹرپ پر سندھ نہ آئیں، یہاں آکر بیٹھیں، نظر آئیں، کپتان بن کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں، زراعت ایمرجنسی لگا کر کسانوں کو ریلیف دیا جائے، ہم مشکل وقت میں عوام کیساتھ ہونگے۔