ملک بھر میں رواں سال کی آخری انسدادِ پولیو مہم کا 15 دسمبر سے آغاز

Published On 13 December,2025 11:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) پولیو کے خاتمے کے لیے رواں سال کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 15 دسمبر سے ملک بھر میں شروع ہوگی جو 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔

پولیو کے خاتمے کے لیے مہم کے دوران 4 کروڑ 55 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انسدادِ پولیو پروگرام کے مطابق شدید ترین موسمی حالات کے باوجود 4 لاکھ سے زائد پولیو فرنٹ لائن ورکرز پورے ملک میں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ترجمان انسدادِ پولیو پروگرام پاکستان ضیاء الرحمان نے بتایا کہ اس سال مہم کے دوران خصوصی توجہ جنوبی خیبر پختونخوا اور کراچی پر مرکوز کی جا رہی ہے جہاں پولیو کے خطرات نسبتاً زیادہ ہیں۔

حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسدادِ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا خواب پورا کیا جا سکے۔