اے پی سی: بلاول نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک قمر زمان کو سونپ دیا

Published On 16 September,2020 12:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی کو کامیاب بنانے کے لیے پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا خصوصی ٹاسک قمرالزمان کائرہ کو سونپ دیا۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک کے لئے نئی صف بندی کیلئے تیاریاں جاری ہیں، گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کا ایک روزہ ہنگامی دورہ کیا جس کا مقصد اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل 20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دینا تھی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی و معاشی انتہائی خراب صورتحال کے پیش نظر اگر ہم اپوزیشن عوام کو سڑکوں پر نہ لائی تو جہاں موجودہ حکمران قصوروار ہوں گے وہاں عوام اپوزیشن جماعتوں کو بھی معاف نہیں کریگی۔

ذرائئع کا یہ کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے رہنماؤں نے بھی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ اے پی سی میں مڈ ٹرم الیکشن پر زور دیا جائے اور اسی تیاری کے ساتھ اے پی سی میں شرکت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد کو حتمی شکل دیدی ہے، تاہم تاحال اے پی سی کے حوالے سے پارٹی میں مشاورتی عمل جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں بلاول بھٹو کا پنجاب کا طوفانی دورہ طے پا گیا ہے، آئندہ ماہ بلاول بھٹوزرداری صادق آباد سے پنجاب کے دورے کا آغاز کریں گے۔