کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وہ تمام سیاستدانوں کیساتھ جیل جانے کو تیار ہیں لیکن کسی طور بھی اس نظام سے نہیں ڈریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت جلسوں سے گھبرائی ہوئی ہے۔ اگر آپ نے کرپشن نہیں کی تو کیوں بھاگ رہے ہیں؟ ہم اس نظام کیخلاف بھرپور احتجاج کیلئے تیار ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو اس مصیبت سے نکالیں۔
اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فوج کسی ایک جماعت کا ادارہ نہیں ہوتا، عمران خان کو فوج کو ایک سیاسی بلاک کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے مہنگائی کے ذریعے عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے۔ دن بدن بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کسی صوبے کو اس کا حصہ نہیں مل رہا ہے۔ ہر صوبے کو اس حکومت کی نالائقی کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے۔ ہمیں عوامی اور جمہوری نظام واپس لانا پڑے گا۔