کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ذریعے حکومت کو ختم کریں گے۔
کراچی میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی ہم جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ذریعے حکومت کو ختم کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک عوام کے پاس آئینی حقوق نہیں ہونگے، پارلیمان ایک ربڑ سٹامپ اور سلیکٹڈ میڈیا ہوگا ہم عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ جب تک میڈیا اور پارلیمان آزاد نہیں ہوں گے، حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی، وکلا نے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا اور آگے بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، اگر کوئی وزیرکرپشن کرتاہےتو عمران خان کو جواب دیناپڑے گا، تاریخ میں ہمیں اتنا نااہل اور نالائق وزیراعظم نہیں ملا، آج آپ لوگ حکومتی بنچز پر ہیں کل جب آپ وہاں نہیں ہوں گے تو ہم دیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کی بہت ساری پارٹیاں استعفوں کی قائل نہیں: شاہ محمود قریشی
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان تحریک سے پہلے بوکھلا کر گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اگر پی ڈی ایم نے جیل بھرو تحریک چلائی تو قیدخانوں میں جگہ کم پڑجائے گی۔
کراچی میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کی بدولت ملک پیچھے جارہا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت اپنے عروج پر ہے، سلیکٹڈ حکومت کو اب زیادہ عرصہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ پی ڈی ایم کی تحریک اس ظالم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بلاول ہاؤس کراچی تشریف لائے اور انہوں نے پی پی چیئرمین کو 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں خطاب کی دعوت دی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت دی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کی، جبکہ ن لیگ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔