مریم نواز کے کمرے پر دھاوا، مسلم لیگ (ن) کا آرمی چیف سے تحقیقات کا مطالبہ

Published On 21 October,2020 06:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مریم نواز کے کمرے پر دھاوا بولنے کے واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کیساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت ہے۔ آرمی چیف سے درخواست کرتی ہوں کہ اس انکوائری میں مریم نواز کے کمرے پر حملے کی بھی تحقیقات ہونا چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز محفوظ نہیں تو پاکستان کی بیٹیاں اور عورتیں کیسے محفوظ ہو سکتی ہیں؟ لیگی رہنما کیساتھ پیش آنے والے واقعے پر ان سے معافی مانگی جائے۔

دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کمرے سے دروازہ توڑ کر گرفتار کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ آئین پاکستان ہر شخص کو چادر اور چار دیواری کے تحفظ کا حق دیتا ہے۔

ادھر پیپلز پارٹی نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر مریم نواز سے معذرت کر لی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ کراچی واقعے سے پی ڈی ایم کے بیانیے کو تقویت ملی ہے۔ بتایا جائے کہ اس واقعے کے دوران وزیراعظم کہاں تھے؟

پیپلز پارٹی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی واقعے پر مکمل خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ کراچی واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی اپنا ردعمل دیں گے۔

 

Advertisement