مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق پامالی کی روک تھام انسانیت کیلئےامتحان ہے:وزیرخارجہ

Published On 27 October,2020 08:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر صرف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعہ نہیں بلکہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے ہماری اجتماعی انسانیت کے لئے ایک امتحان ہے۔

یوم سیاہ کے موقع پر آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی زندگیوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور کشمیری عوام کو بدترین غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی ، مذہبی ، ثقافتی اور معاشی آزادیوں کو بھارتی جبر کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جغرافیائی ڈھانچے کو بھی بین الاقوامی احکامات اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تبدیل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا پر مبنی ذہنیت یہ سب کررہی ہے کیونکہ کشمیر میں ہر روز انسانیت مرتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور امید کا دامن نہ چھوڑیں۔

بھارتی ظلم و ستم کے خلاف کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ، وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی۔

انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی غیر انسانی سلوک پر خاموشی برقرار رکھنے پر عالمی برادری کے کردار پر افسوس کا اظہار کیا۔
 

 

Advertisement