دنیا بھر میں کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ منایا

Published On 27 October,2020 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کشمیریوں نے بروز منگل مورخہ 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا۔

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و استبداد کے خلاف بھرپور احتجاج کیا تا کہ اقوام عالم کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ بھارت نے ان کی مادر وطن پر غیر قانونی اور ظالمانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

آج کے دن بھارتی فوج نے کشمیر پر حملہ کر کے اس علاقے پر اپنا ناجائز تسلط قائم کیا اور کشمیری عوام کو اپنا غلام بنا لیا تھا۔

تب سے آج تک بھارت ظلم و جبر کے باوجود اہل کشمیر کے عزم و حوصلے اور ان کے جذبہ حریت کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

پانچ اگست کو بھارت نے ایک اور غیر قانونی اور جانبدارانہ قدم اٹھاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو بدل دیا اور اس کے آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج سری نگر سمیت بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے تمام علاقوں میں احتجاجی ریلیاں اور مظاھرے جاری ہیں جن میں کشمیری عوام بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

 

Advertisement