کشمیری 27 اکتوبر کو بھارت کے غیر قانونی تسلط کیخلاف یوم سیاہ منائیں گے

Published On 26 October,2020 05:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ وہ اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔

بھارت نے 27 اکتوبر 1947ء کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔

حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر 1947ء سے اب تک لاکھوں بھارتی فوجیوں نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

بیان میں دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 27 اکتوبر کو بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کریں تاکہ عالمی برادری کی توجہ تصفیہ طلب تنازع کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لوگوںکی مشکلات کی طرف دلائی جا سکے۔

دریں اثنا سرینگر اور دیگر علاقوں میں مسلسل چسپاں کیے جانے والے پوسٹروں میں لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مکمل ہڑتال کریں۔ یہ پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے لگائے گئے ہیں۔
 

Advertisement