این آر او نہ ملنے پر اب پاک فوج پر حملے کرکے نئی گیم شروع کر دی گئی: وزیراعظم

Published On 06 November,2020 03:09 pm

مینگورہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او نہ ملنے پر اب پاکستان کی فوج اور عدلیہ پر حملے کرکے نئی گیم شرو ع کر دی گئی ہے۔ قانون کی بالا دستی قائم کرکے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بناؤں گا۔

 سوات میں عوامی اجتماع سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سارے ڈاکو اکٹھے ہو گئے ہیں، ڈاکو کہتے ہیں ہم پیسہ واپس نہیں کریں گے، سارے ڈاکوؤں کا نام لیا، ڈیزل کا نہیں لیا، یہ جانتے ہیں عمران خان این آر او نہیں دے گا، ایک ڈاکو لندن میں بیٹھا ہے، ایسے چہرے بناتے ہیں کہ سب کو ترس آ جاتا ہے، نواز شریف اپنا پیسہ بچانے کیلئے فوج میں بغاوت کی کوشش کر رہا ہے، یہ پیسوں کا پجاری ہے، ملک میں فیصلہ کن وقت آگیا، آج دونوں اپنی کرپشن بچانے کیلئےاکٹھے ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سوات مکمل طور پر بدلنے والا ہے، اس قسم کی خوشحالی آ رہی ہے جو پہلے سوات میں نہیں آئی، خیبرپختونخوا حکومت نے نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی، سیاحت بہت تھوڑے وقت میں خوشحالی لاسکتی ہے، سیاحت کے باعث بیرون ملک سے پیسہ آئے گا، ڈالر آنے سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

 معیشت آگے بڑھ رہی ہے، ایم ایل ون کا معاشی سرگرمیوں میں بہت بڑا ہاتھ ہوگا 

عمران خان کا کہنا تھا ریاست مدینہ کے اصولوں پر نیا پاکستان بنا رہے ہیں، ہر خاندان 10 لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں علاج کروا سکے گا، علاج کروانے کیلئے گھر مقروض ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ پہلی بار متعارف کروا رہے ہیں، غریب آدمی اقساط پر گھر لے سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان میں یکساں نظام تعلیم لا رہے ہیں، یکساں نظام تعلیم پاکستان میں پہلی بار ہے، غریب آدمی کے بچے بھی ڈاکٹر، پروفیسر بن سکیں گے، سول پروسیجر ایکٹ کے تحت کیسز کا فیصلہ ایک سال میں ہوگا، عدالتیں زمینوں کے کیسز سے بھری ہوئی ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا ملاکنڈ کے لوگوں کی طرف سے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ترقی کا سفر شروع ہوچکا، ہسپتال، سڑکیں، تعلیمی ادارے بن رہے ہیں، پورا پاکستان وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، آج کل ایک سرکس لگی ہوئی ہے، انہوں نے ملک کو مقروض بنا دیا، ان کے پیٹ میں بھی درد ہو تو بیرون ملک سے علاج کراتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کو رہا کرایا، فیٹف قانون سازی کی بات آئی تو اپوزیشن نے کیسز بند کرنے کا مطالبہ کیا، یہ چور کہتے ہیں انہوں نے جو عوام کا پیسہ لوٹا وہ معاف کر دو، جب کورونا وائرس آیا تو عمران خان کی حکمت عملی پر تنقید کرنے لگے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود نے کہا وزیراعظم ہماری دعوت پر آئے، خوش آمدید کہتے ہیں، صحت انصاف کارڈ کے مثبت اثرات مرتب ہوئے، 10 لاکھ روپے تک صحت کی سہولتیں میسر ہوں گی، صحت انصاف کارڈ سے عوام کو فائدہ ہوا، صحت کارڈ وزیراعظم کے ریاست مدینہ کے وژن کا حصہ ہے، چاہتے ہیں ہر شہری صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوسکے، پاکستان ریاست مدینہ بنے گا۔

 

Advertisement