کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ رواں سال ابتدائی طور پر ویکسین خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔
سندھ حکومت کا کورونا ویکسین حاصل کرنے کا مشن، برطانوی ویکسین مینوفیکچرر ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے، سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کیلئے آن لائن پورٹل قائم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 55 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 11 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 50 ہزار 316، سندھ میں 2 لاکھ 36 ہزار 530، خیبر پختونخوا میں 63 ہزار 825، بلوچستان میں 18 ہزار 622، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 887، اسلام آباد میں 40 ہزار 177 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 654 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 74 لاکھ 42 ہزار 84 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 513 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 76 ہزار 471 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 341 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 55 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 460، سندھ میں 3 ہزار 813، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 791، اسلام آباد میں 457، بلوچستان میں 190، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 243 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔