کورونا کیخلاف جنگ صبر وتحمل اور دور اندیشی سے لڑ رہے ہیں: عثمان بزدار

Published On 18 January,2021 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ہے، وزیراعلی پنجاب کہتے ہیں کہ کورونا کے خلاف جنگ صبر وتحمل اور دور اندیشی سے لڑ رہے ہیں، زندہ قومیں آزمائش میں ہی بہتر راستے نکالتی ہیں۔

ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات اورعلاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا، کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی ، سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے- عوام کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ شہریوں کو اپنی ذمہ داری فرض سمجھ کر نبھانی چاہیے-

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے- شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے سے ہی حکومتی کوششیں بار آور ثابت ہوں گی -لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں-

وزیراعلی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں- بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے- منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے، کرپٹ ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا-
 

Advertisement