پشاور: کورونا کیسز میں اضافہ، مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن، اطلاق آج شام ہوگا

Published On 16 January,2021 11:31 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مزید پانچ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، لاک ڈاؤن آج شام 6 بجے نافذ ہوگا۔

پشاور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 5 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں یکہ توت بازار، حیات آباد فیز 4، حیات آباد فیز تھری کے علاقے، ورسک روڈ اور خوشحال ٹاؤن کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی ہے، صرف ضروری اشیا اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 45 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 908 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 770 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 48 ہزار 488، سندھ میں 2 لاکھ 33 ہزار 396، خیبر پختونخوا میں 62 ہزار 996، بلوچستان میں 18 ہزار 537، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882، اسلام آباد میں 39 ہزار 888 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 583 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 73 لاکھ 26 ہزار 431 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 422 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 72 ہزار 99 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 334 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 45 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 908 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 387، سندھ میں 3 ہزار 769، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 773، اسلام آباد میں 450، بلوچستان میں 190، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 238 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement