سینیٹ کی 37 خالی نشستوں پر انتخابات آج ہوں گے

Published On 02 March,2021 11:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوگی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب سے تمام گیارہ امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت سے 2، سندھ سے 11 جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 12، 12 سینیٹرز منتخب کیے جائیں گے۔

اسلام آباد سے جنرل نشست کیلئے پی ٹی آئی کے عبدالحفیظ شیخ اور پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست کیلئے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور مسلم لیگ (ن) کی فرزانہ کوثر انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ 100 ارکان کے ایوان میں سے 52 سینیٹرز اپنی چھ سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد رواں ماہ کی گیارہ تاریخ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے انتظامات کر لئے ہیں۔

ایک نگران کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تمام متعلقہ ریکارڈ اور معلومات فراہم کرے گی اور الیکشن کمیشن کو ضرورت پڑنے پر تحقیقات کرے گی۔

شکایت کے ازالے کا نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ عوام اپنی شکایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر آن لائن بھیج سکیں۔

الیکشن کمیشن نے سینٹ انتخابات میں بدعنوانی کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے خصوصی نگران سیل بھی قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

 

Advertisement