سپریم کورٹ میں بلے کے نشان کی بحالی سے متعلق درخواست پر سماعت آج ہو گی

Published On 10 January,2024 02:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بلے کے نشان کی بحالی کے حوالے سے درخواست میں سماعت آج ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی بلے کے نشان کی بحالی کیلئے درخواست کی سماعت سپریم کورٹ  کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کرے گا، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بنچ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما حامد خان کو عدالت نے طلب کیا جس کے بعد وہ روسٹرم پر آئے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2024ء: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیئے

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سینئر وکیل حامد خان سے پوچھا کہ کیا آپ کی درخواست کل (9 جنوری کو) مقرر کر دیں؟ اس پر حامد خان نے استدعا کی کہ آج (8 جنوری کو) ہی سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔

جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آج 9 ممبر بنچ بھی ہے اور ایک خصوصی بنچ بھی ہے، جواب میں حامد خان نے کہا کہ ہماری ترجیح آج ہے، نہیں تو پھر پرسوں (10جنوری کو) لگا دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کاغذات منظور یا مسترد: بڑے رہنماؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت مکمل، فیصلہ آج آئیگا

چیف جسٹس نے کہا کہ بس پھرمعاملہ ججز کمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیلئے کیس مقرر کر دیتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔