اسد الرحمان گیلانی وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری تعینات

Published On 05 March,2024 09:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کرتے ہوئے اسد الرحمان گیلانی کو وزیراعظم کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف نے پہلا حکم اپنے نئے سیکر ٹری کی تقرری کا کیا، پاکستان ایڈمنسٹر یٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر اسد الرحمان گیلانی کو وزیراعظم کا سیکرٹری ( پرنسپل سیکرٹری ) تعینات کیا گیا ہے، اسد الرحمان گیلانی ایڈیشنل انچارج پاور ڈویژن تعینات تھے، وہ 24 ویں کامن کے افسر ہیں۔

اس سے قبل وہ ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت صنعت و پیداوار، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں جبکہ چیئرمین نادرا کا بھی اضافی چارج ان کے پاس رہا، وہ وزیر اعظم آفس میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری کام کر چکے ہیں۔

خرم آغا کو وزیراعظم کے موجودہ پرنسپل سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا کر وفا قی سیکرٹری کامرس تعینات کردیا گیا ہے، وہ گریڈ 22 کے افسر ہیں جبکہ موجودہ سیکرٹری کامرس محمد صالح فاروقی کو عہدے سے ہٹا کرانہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر کو سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار مقرر کیا گیا ہے، چراغ حیدر کا تقرر کنٹریکٹ پر 2 سال کیلئے کیا گیا ہے اور ان کا تقرر 5 مارچ 2024 سے شمار ہو گا۔

سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 20 کے افسر اور جوائنٹ سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی خیر محمد کلوار کو تبدیل کر کے ان کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

دریں اثناء ڈپٹی چیف اکاؤنٹس افسر، چیف اکاؤنٹس آفیسر آفس، وزارت خارجہ امور عمار رحمان کو تبدیل کر کے امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے میں 3 سال کیلئے بطور فنانس اینڈ اکاؤنٹس افسر مقرر کیا گیا ہے۔ 

Advertisement