زرداری ، بلاول کی سربراہی میں پی پی وفد کی شہبازشریف سے ملاقات

Published On 05 March,2024 12:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل تھے، وفد نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر اور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کیلئے ایک مرتبہ پھر سے موقع دیا، خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر بھی اظہار تشکر کرتا ہوں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی دوران ملاقات وفد کو یقین دہانی کرائی کہ خدا کے کرم اور اپنی محنت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کیلئے پر عزم ہوں۔

واضح رہے کہ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔

Advertisement