وفاقی کابینہ کے ارکان کو قلمدان تفویض، خواجہ آصف دفاع، اسحاق ڈار وزیر خارجہ مقرر

Published On 11 March,2024 11:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے ارکان کو قلمدان تفویض کر دیئے گئے، خواجہ آصف وزیر دفاع ہوں گے، انہیں دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے اضافی قلمدان بھی تفویض کر دیئے گئے ہیں۔

اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ کا قلمدان سونپ دیا گیا، احسن اقبال منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر ہوں گے۔

محمد اورنگزیب کو خزانہ اور ریونیو جبکہ محسن نقوی کو امور داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان تفویض کر دیا گیا، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان سونپ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نومنتخب 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

مصدق ملک توانائی اور پٹرولیم کے وزیر ہوں گے، میاں ریاض حسین پیرزادہ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وزیر مقرر ہو گئے، عطا اللہ تارڑ کو اطلاعات و نشریات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔

اویس لغای ریلوے، امیرمقام کو سیفران اور ہیریٹیج اینڈ کلچر کے قلمدان تفویض، جام کمال تجارت، عبدالعلیم خان نجکاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عام آدمی مہنگائی میں پس گیا، اشرافیہ کو سبسڈی دی جارہی، جلد ختم کریں گے: وزیراعظم

چودھری سالک حسین سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ہوں گے، اعظم نذیر تارر کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق جبکہ رانا تنویر حسین کو صنعت و پیداوار کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
 

Advertisement