وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ہونے والے فیصلے منظر عام پر آگئے

Published On 11 March,2024 09:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، اجلاس میں ہونے والے فیصلے منظر عام پر آگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں ہدایت جاری کہ ملک میں اشیائے خورونوش اور روزمرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے کنٹرول کے لئے فی الفور ایک کمیٹی قائم کی جائے جو کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اشیائے خورونوش اور روزمرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا پہلا اجلاس، ملکر ملک کو مشکلات سے نکالنے کا عزم

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی، یہ پابندی رمضان المبارک کے مہینے کے دوران کیلوں اور پیاز کی مارکیٹ میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیدرلینڈز کے شہری محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت انسداد منشیات کی سفارش پر میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز ملٹری کی بطور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس تعیناتی کی منظوری دے دی۔

Advertisement