راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

Published On 13 March,2024 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور سوات سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، مردان ، کوہاٹ، ضلع سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ان کے علاوہ مظفرآباد شہر، ضلع لوئر دیر، مالاکنڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 130 کلو میٹر زیر زمین تھی اور مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، زلزلے کے جھٹکے 8 بج کر 24 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے، فی الحال زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔