نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے فیس بک پر 5 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جرمانے کی منظوری امریکی محکمہٴ انصاف کے دیوانی شعبے نے نظرثانی کے بعد دینی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک پر جرمانہ صارفین کے ڈیٹا اور نجی معلومات کے تحفظ میں ناکامی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ناقدین نے اتنے بڑے جرمانے کو غیر مناسب قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک کا کرائسٹ چرچ حملے کے پیش نظر نئی پالیسی کا اعلان
یہ جرمانہ فیس بک کے خلاف ڈیٹا کے تحفظ میں متعدد ناکامیوں کے حوالے سے جاری تفتیشی عمل پر فریقین کے درمیان ڈیل کی روشنی میں طے کیا گیا ہے۔
کمیشن کے ری پبلکن پارٹی کے اراکین اس مجوزہ ڈیل کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ ڈیموکریٹک اراکین مخالفت میں ہیں۔ جرمانے کی حتمی منظوری ہو جاتی ہے تو کسی ادارے پر عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2012ء کے دوران گوگل کو امریکی حکام کی جانب سے 22 ملین ڈالر کا جرمانہ کیا گیا تھا تاہم فیس بک کو جرمانہ تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ تصور کیا جا رہا ہے۔