زیادہ مرچیں کھانے سے یادداشت متاثر ہونے کا خدشہ

Last Updated On 30 July,2019 09:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) تازہ تحقیق میں ایک حیران کن بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ مرچ مصالحوں پر مشتمل کھانوں کی مسلسل عادت انسانی یادداشت میں کمی کی وجہ بن سکتی ہے، بعض کیسز میں سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں کئے گئے مطالعے کے دوران 55 سال یا اس سے زائد عمر کے 4,582 چینی باشندوں کا مسلسل 15 سال تک جائزہ لیا گیا۔ اس دوران سرخ اور ہری مرچ کھانے والوں کے ٹیسٹ کیے گئے۔ پورے عرصے میں تمام رضاکاروں کی یادداشت اور حافظے کو مختلف ٹیسٹ سے جانچا گیا۔
ماہرین نے تحقیق کے بعد نتیجہ اخذ کیا کہ کئی سال تک روزانہ 50 گرام مرچ کھانے والوں میں دیگر کے مقابلے میں یادداشت میں کمی کا خطرہ دگنا ہوجاتا ہے جبکہ ایسے افراد میں سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔ مطالعے کے مطابق یہ کمی ان افراد میں زیادہ دیکھی گئی ہے جن کا باڈی ماس انڈیکس کم تھا لیکن زیادہ بی ایم آئی کے حامل افراد پر اس کے کم اثرات دیکھے گئے۔

یہ بات دلچسپ ہے کہ ماہرین نے یہ اہم نکات بھی نوٹ کئے کہ زیادہ مرچیں کھانے والے افراد کی آمدنی کم، بی ایم آئی کم تاہم دوسری جانب وہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ کام کرنے والے اور پھرتیلے ثابت ہوئے تھے۔ ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوا کہ تعلیمی استعداد کم یا زیادہ مرچ کے استعمال کی وجہ بھی ہے تاہم انھوں نے اس حوالے سے کسی حتمی رائے دینے سے اجتناب کیا کیونکہ اس معاملے پر ابھی مزید تحقیق کرنا ضروری ہے۔