لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور سرچ انجن گوگل کے فوائد سے کون واقف نہیں، دنیا بھر کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اگر کسی شخص کے پاس انٹرنیٹ موجود ہے تو وہاں گوگل سرچ انجن پر جا کر معلومات حاصل کر سکتا ہے، اب گوگل مزید ایک نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے جسے ’’ٹریک پیکیج‘‘ کہا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف امریکی کمپنی گوگل نے صارفین کو جدید تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے سرچ انجن میں نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے۔ گوگل جلد ’ٹریک پیکج‘ کی خصوصیت کو سرچ انجن میں شامل کرنے والا ہے۔
یہ ایک ایسا فیچر ہوگا جس میں آن لائن خریداری کی بیشمار کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ کمپنیوں کو شامل کرنے کا مقصد ہو گا کہ صارف آن لائن پیکیج کی جانچ پڑتال اب گوگل سرچ انجن کے ذریعے ہی حاصل کر لیں گے اور صارف گوگل کے ذریعے ہی اپنے پیکیج کو ٹریک کر سکیں گے۔
اس فیچر کو گوگل سرچ کے ساتھ ضم کیا جائے گا،جس کا مطلب ہے کہ اب سرچ بار کے نیچے ایک آپشن ہوگا جو ’پیکیج ٹریکنگ‘ کی مخصوص تفصیلات تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سندر پیچائی الفابیت کے بھی سربراہ بن گئے
صارفین کو سب سے پہلے اس سیکشن میں کمپنی کا نام درج کرنا ہوگا جس کے بعد گوگل پیکیج کی معلومات فراہم کرے گا۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے کوئی پروڈکٹ ایمیزون سے خریدی ہے اور آپ اس آرڈر کی تفصیلات جاننا چاہ رہے ہیں تو آپ کو سرچ انجن پر ’پیکیج ٹریکنگ‘ کے سیکشن میں ’ایمیزون پیکیج ٹریکنگ‘ لکھنا ہوگا جس کے بعد گوگل آپ سے ٹریکنگ نمبر مانگے گا، ٹریکنگ نمبر درج کرنے کے بعد گوگل آپ کے پیکیج کے حوالے سے معلومات فراہم کرے گا۔
ان معلومات میں آپ کے آرڈر کی ترسیل کی متوقع تاریخ کے ساتھ ساتھ پروڈکٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔ معروف کمپنی گوگل صارف کو یہ تجربہ پیش کرنے کے لیے مختلف ای کامرس اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔