الیکٹرک بسوں کے پرزے جوڑنے کا عمل اگلے سال شروع ہو جائے گا: فواد چودھری

Published On 02 September,2020 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ بجلی پر چلنے والی بسوں کے ملک میں پرزے جوڑنے کا عمل اگلے سال شروع ہو جائے گا۔

آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بسوں کو ملک میں تیار کرنے کا عمل تین سال کی مدت میں شروع ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر روایتی فصلوں کی تیاری کو فروغ دینے کےلئے جدید ٹیکنالوجی فارمز تیار کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں رواں سال الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائینگی

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا تھا کہ ملک میں رواں سال سے الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آلودگی کی وجہ سے لوگ بیمار ہوتے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دنیا میں بغیر ڈرائیور کے بیسیں چلیں گی، پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہوگا جہاں الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی طلب کو سامنے رکھتے ہوئے 10 سالہ پالیسی بنانا ہوگی۔ آنے والے 10 سالوں میں ہمارا انرجی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی رینیو ایبل انرجی پالیسی دی ہے، اس میں ہم سولر اور ونڈ انرجی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے جبکہ اگلے 3 سے 5 سالوں میں شاید موبائل بیٹریز کو ریچارج کی ضرورت ہی نہ پڑے، بجلی کی تاریں اور گرڈ اسٹیشن بھی ختم ہو سکتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ کورونا آنے سے پہلے ہم ہر چیز درآمد کررہے تھے تاہم اب پاکستان کورونا سے متعلق مصنوعات کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی اور 3 سالوں میں پاکستان میں ان بسوں کی مکمل مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو جائے گی۔