اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں سال سے الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آلودگی کی وجہ سے لوگ بیمار ہوتے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنیا میں بغیر ڈرائیور کے بیسیں چلیں گی جب کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہوگا جہاں الیکٹرک بسیں چلیں گی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی طلب کو سامنے رکھتے ہوئے 10 سالہ پالیسی بنانا ہوگی، آنے والے 10 سالوں میں ہمارا انرجی کا مسئلہ ہے، پاکستان نے اپنی رینوایبل انرجی پالیسی دی ہے، اس میں ہم سولر اور ونڈ انرجی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے جب کہ اگلے 3 سے 5 سالوں میں شائد موبائل بیٹریز کو ریچارج کی ضرورت ہی نہ پڑے، بجلی کی تاریں اور گرڈ اسٹیشن بھی ختم ہو سکتے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ کورونا آنے سے پہلے ہم ہر چیز درآمد کررہے تھے تاہم اب پاکستان کورونا سے متعلق مصنوعات کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔
ایک اور وعدے کی تکمیل کی طرف بڑا قدم، ڈائوو پاکستان اور سکائ ول کمپنی کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک بسیں لانے کا سٹریٹجک الائنس آج ہو گا۔ اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی اور تین سالوں میں پاکستان میں ان بسوں کی مکمل مینوفیکچرنگ شروع ہو جائیگی۔ pic.twitter.com/AMiCw77PZT
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 26, 2020
قبل ازیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی اور 3 سالوں میں پاکستان میں ان بسوں کی مکمل مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو جائے گی۔