شہریار آفریدی کی مسئلہ کشمیر پر ترک صدر کے ٹھوس موقف کی تحسین

Published On 27 August,2020 09:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مظلوم لوگوں کے نصب العین کے لئے ترکی کی حکومت اور عوام کی غیر متزلزل اور مسلسل حمایت کو سراہا ہے۔

انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان میں ترکی کے سفیرمصطفیٰ یوردکل سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت جلد حق خودارادیت حاصل کرلیں گے۔

شہریار آفریدی نے مسئلہ کشمیر کے لئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے ٹھوس موقف کو سراہا جس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر مزید اجاگرکرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندوتوا حکومت علاقائی امن کو نقصان پہنچا رہی ہے اور کشمیر کے حوالے سے کوئی بھی مہم جوئی عالمی امن کو تباہی کی جانب دھکیل دے گی۔

ترکی کے سفیر مصطفیٰ یوردکل نے اس موقع پر اپنے ملک کی جانب سے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مظلوم لوگوں کی آواز بننے میں کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔