اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس، بجلی کے ریٹ میں اضافے کا فیصلہ موخر

Published On 27 August,2020 06:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کے مستقبل سے متعلق تمام فیصلے بہتر قومی مفاد کے مطابق ہوں گے۔ ای سی سی نے بجلی کے ریٹ میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ نے کہا کہ پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری میں قومی مفاد سے زیادہ کچھ اہم نہیں ہے۔

اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سیکرٹری ایوی ایشن سمیت تمام فریقین کو ہر پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ٹیرف میں اضافے کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکے ثالثی کیس لڑنے والی قانونی فرم کی فیس کیلئے 25.23 کروڑ کی سپلمینٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم وکلا فیس اور ثالثی پر اخراجات کی ادائیگی پر خرچ ہوگی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر کیلئے ٹیکس چھوٹ کی سمری بھی منظور نہ ہو سکی۔ ایف بی آر، وزارت تجارت اور صنعت کا فیڈ بیک لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کو ٹڈی دل پر سپرے کیلئے 83 مشینوں کی خریداری کی سمری منظور کی گئی۔ این ڈی ایم اے یہ سپریئرز ڈیوٹی فری امپورٹ کر سکے گا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹیکسیشن معاملات بارے سمری آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئی۔