لاہور:( دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اور مسلسل اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے، جبکہ پہلے ہی دن ایک کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 72 لاکھ 30 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ سندھ میں 26 لاکھ 1 ہزار ، خیبرپختونخوا میں 23 لاکھ 4 ہزار سے زائد اور بلوچستان میں 7 لاکھ 6 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق اسلام آباد میں 1 لاکھ 46 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ گلگت بلتستان میں 89 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، آزاد جموں و کشمیر میں بھی 2 لاکھ 42 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذوری کا شکار بنا دیتا ہے، پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، والدین اور کمیونٹی کی بھرپور شراکت کے بغیر قومی پولیو مہم کی کامیابی ممکن نہیں۔
انہوں نے والدین سے گزارش کی ہے کہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں جبکہ پاکستان اور افغانستان میں پولیو مہم کا بیک وقت انعقاد کیا جا رہا ہے۔



