اسلام آباد: (اے پی پی) بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیو وس بیرن جمعرات کی صبح گوادر پہنچیں جہاں انہیں گوادر پورٹ، گوادر میں جاری منصوبوں اور ترقیاتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے روایتی چینی کہانیوں کے اردو ترجمہ پر مشتمل کتب کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سینیٹر کہدہ بابر اور مرزا محمد آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گوادر پورٹ خطہ کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ پورٹ کی مکمل فعالی سے نہ صر ف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت بھی بہتری راہ پر گامزن ہو جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی ذاتی کاوشوں سے اس تقریب کا انعقاد گوادر شہر میں ممکن ہو سکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پورٹ اتھارٹی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر باقی دنیا کیلئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ پورٹ فعال ہونے کے بعد دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو یہاں بہترین عالمی معیار کا انفراسٹرکچر، مستحکم انڈسٹریز اور پر امن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ تقریب میں بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو گوادر ماسٹر پلان سے متعلق بریفنگ دی جبکہ گوادر کی تاریخی حیثیت پر مبنی دستاویز ی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کے آخر میں سینیٹر کہدہ بابر، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، جی پی اے نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر کویادگاری شیلڈ اور تحائف بھی دیئے۔