بینک کارڈ میں خرابی پر بےگھر برطانوی کی عیش، ایک کروڑ شاپنگ میں اڑا دیئے

Last Updated On 09 January,2019 10:03 am

لندن: (ویب ڈیسک) بینک سافٹ ویئر میں خرابی نے برطانوی بےگھر اور مفلس شخص کی عیش کروا دی، اس نے ایک کروڑ سے زائد کی خریداری کر ڈالی تاہم راز افشا ہونے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

برطانیہ کے علاقے بریڈ فورڈ کے رہائشی 49 سالہ اللہ دتہ کے پاس ایک ڈیبٹ کارڈ تھا جس کے اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ تھی، اس نے پہلے ٹیسکو سٹور پر کارڈ چلایا تو بظاہر وہ استعمال ہوگیا اور وہ اشیا لے کر وہاں سے نکلا ۔ اس کے بعد منشیات کے عادی اس شخص نے مزید ہمت کرکے یہ کارڈ دیگر علاقوں کے سٹور پر استعمال کیا اور اس میں بھی اسے کامیابی حاصل ہوئی۔ اس کی وجہ بینک کے مرکزی ڈیٹا بیس میں اس کارڈ سے وابستہ ایک تکنیکی خرابی تھی جو رقم کی کٹوتی ہونے نہیں دے رہی تھی۔

بعد ازاں اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک دو نہیں بلکہ درجنوں سٹور سے 167 مرتبہ خریداری کی جن میں کھلونے، قیمتی اشیا اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔ ہربار وہ سٹور سے اپنی ٹرالی بھر کے نکلتا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے 56 ہزار برطانوی پونڈ کی اشیا خریدیں جن کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ہمیشہ ہی سافٹ ویئر خرابی کی وجہ سے اس کا کارڈ قبول ہو جاتا اور رقم کی منتقلی ظاہر ہوجاتی تھی یعنی کارڈ میں کبھی رقم کم نہیں ہوئی۔

تاہم اس کا یہ چکر زیادہ دن نہیں چلا اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ اب اسے دو سال تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس موقع پر اللہ دتہ نے بتایا کہ وہ اس خرابی سے واقف نہ تھا لیکن عدالت نے کہا کہ اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ قیمتی سمارٹ فون اور زیورات تک خریدے حالانکہ وہ جانتے تھے کہ ان مہنگی اشیا کو خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اس لیے ملزم کا یہ موقف قابل قبول نہیں۔