اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اٹھا کر پھرنے والا باہمت پرندہ

Last Updated On 08 February,2019 10:02 am

آسٹریلیا: (روزنامہ دنیا) قدرت کے کارخانے میں کینگرو اپنے بچوں کو ساتھ ساتھ لئے پھرتے ہیں لیکن ایک پرندہ ایسا بھی ہے جس کا نر اپنے بچوں کو بچانے کی ہرممکن کوشش کرتا ہے یہاں تک کہ وہ ایک ساتھ کئی بچوں کو اپنے پروں میں چھپا کر اس وقت تک سفر کرتا ہے جب تک کوئی محفوظ ٹھکانہ نہیں مل جاتا۔

کومب کرسٹیڈ جیکانا کی تصویر کو دیکھیں تو گمان ہوتا ہے کہ شاید اس پرندے میں کسی پیدائشی نقص کی وجہ سے بہت سی ٹانگیں نمودار ہو گئی ہیں مگر ایسا نہیں ہے کیونکہ اس نے پروں میں اپنے چھوٹے بچے چھپائے ہوئے ہیں۔

یہ خوبصورت پرندہ کنول بھری جھیلوں میں رہنا پسند کرتا ہے اور اپنی خاص ٹانگوں کی بدولت باآسانی پتوں پر دوڑتا رہتا ہے۔ ایک وقت میں یہ چار بچوں کو اٹھا کر چل سکتا ہے اور وزن بانٹنے کیلئے یہ انہیں دائیں بائیں رکھتا ہے۔ جیکانا کنول کے بیج، پانی کے کیڑے اور دیگر کیڑے مکوڑے رغبت سے کھاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نر پرندے کا یہ رویہ بہت انوکھا ہے۔ یہ بہت شرمیلا پرندہ ہے اور کبھی کبھار ہی کیمرے کی قید میں آتا ہے۔