فٹبال کا کھیل 2200 سال قبل چین میں تخلیق کیا گیا

Last Updated On 13 June,2019 08:57 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) وہ کھیل جو بالآخر فٹ بال بنا، تقریباً 2200 سال قبل چین میں تخلیق کیا گیا۔ پہلی فٹ بال چمڑے سے بنائی گئی جس میں پَر اور بال ہوتے تھے۔ چین بہت بڑا ملک ہے لیکن یہاں ایک ہی سرکاری ٹائم زون ہے جسے معیاری چینی وقت مانا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹائم زون کا ایک مطلب یہ ہے کہ مغربی چین میں طلوع آفتاب کا وقت صبح 10 بجے بھی ہو سکتا ہے۔ دارالحکومت میں جب صبح کے چھ بجے ہوں گے تو تین ہزار میل دور کاشغر میں بھی یہی چھ بجے کا وقت ہو گا۔ چین کے برخلاف روس میں 11 ٹائم زون ہیں۔ اگر آپ کے والدین کی عمر 60 برس سے زائد ہے تو ان کے پاس ملاقات کے لیے نہ جانا غیر قانونی ہے۔

چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جو آئندہ چند برسوں میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔ نئے سال کے آغاز پر چین میں 15 دنوں تک جشن منایا جاتا ہے۔ چینی میں سال نو مغربی کیلنڈر کی مناسبت سے نہیں منایا جاتا۔ سال کا پہلا دن 21 جنوری سے 20 فروری کے درمیان نئے چاند کے ساتھ منایا جاتا ہے اس لیے تاریخ بدلتی رہتی ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی فوج چین کی ہے۔ چین کی سپاہ 20 لاکھ سے زائد ہے جو امریکی فوج سے سات لاکھ زیادہ ہے۔

ایک اندازے کے مطابق 2020ء تک چین میں عورتوں کے مقابلے مردوں کی تعداد تین سے چار کروڑ زیادہ ہو گی۔ اس کا باعث ملک میں رائج ایک بچہ پالیسی ہے۔ اس پالیسی کی وجہ سے والدین بیٹوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

رقبے کے لحاظ سے چین دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور ریلوے کا نظام ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے۔ اگر چینی ریلوے کو پوری دنیا کے گرد بچھا دیا جائے تو یہ دو چکر مکمل کر لے گی۔

چین انتہائی تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور تعمیراتی کام بھی بہت تیز رفتاری سے ہو رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق چین میں ہر پانچویں دن ایک فلک بوس عمارت تعمیر ہوتی ہے۔
 

Advertisement