حج کے ایام میں شامی خاتون نے چار بچوں کو جنم دیا

Last Updated On 18 August,2019 04:03 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) شام سے تعلق رکھنے ایک خاتون جو حج کرنے کے لیے سعودی عرب گئی ہوئی تھیں نے چار بچوں کو جنم دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حج کے ایام میں شامی خاتون کی طبیعت خراب ہوئی تو اس کیلئے مکہ مکرمہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں فوری آپریشن کا انتظام کیا گیا۔ شامی حاجن کے ہاں 2 لڑکے اور 2 لڑکیاں پیدا ہوئیں۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے عملے نے چاروں نومولود بچوں کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا تاکہ ان کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔

اُدھر سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 4 میں سے 2 بچوں کی صحت اچھی ہے جبکہ 2بچوں کے سانس لینے کے عمل میں معمولی کمی ہے۔ آکسیجن کی مشین پر رکھا گیا اب ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

دوسری طرف شامی والدین نے نگہداشت پر نگراں طبی ٹیم ،ہسپتال کے تمام عملے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ امسال دوران حج بیرون ملک سے آنیوالی حاجنوں کے ہاں 12 بچوں کی ولادتیں ہو چکی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق مکہ مکرمہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں 9، منی میں ایک اور عرفات میں 2 ولادتیں رجسٹرڈ کی گئی ہیں۔ وقوف عرفہ کے دوران 2 حاجنوں کے ہاں ولادت ہوئی۔

40 سالہ لیبیا کی حاجن سعاد محمد بربوش کے ہاں بچی کی ولادت ہوئی۔ نومولود کا نام عرفہ رکھا گیا۔ جمہوریہ گنی سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ حاجن میمونہ علی کے ہاں بھی لڑکی کی ولادت ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ سعودی وزارت صحت نے میدان عرفات میں حجاج کی سہولت کے لئے 2 ہسپتالوں کے علاوہ متعدد صحت مراکز اور ہنگامی طبی امداد کے لئے موبائل ٹیموں کو متعین کر رکھا ہے۔ اسی طرح کا انتظام مزدلفہ میں بھی کیا گیا تھا جہاں متعدد صحت مراکز قائم ہیں۔ منی میں متعدد ہسپتالوں کے علاوہ کئی صحت مراکز قائم کئے گئے جو تمام حجاج کو مفت صحت خدمات فراہم کرتےرہے ۔