مہمانوں کو باتھ روم اور واش بیسن کا پانی پیش کرنیولا ریسٹورنٹ

Last Updated On 21 October,2019 11:01 am

برسلز: (روزنامہ دنیا) بیلجیئم کے شہر کورنے کے ایک ریسٹورنٹ میں آنے والے مہمانوں کو پینے کیلئے سیوریج کا ری سائیکل کیاگیا پانی پیش کیا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوٹل گسٹ ایواکس کے کسٹمرز کو باتھ روم اور واش بیسن کا ری سائیکل پانی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ ریسٹورنٹ مالک کے مطابق سیوریج کا پانی حفظان صحت کے اصولوں پر ری سائیکل کیا جاتا ہے اور اس کا ذائقہ اور رنگ عام پانی کی طرح ہے۔

پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے اسے 5 کٹھن مراحل سے گزارا جاتا ہے جس کے بعد یہ سیوریج کا پانی مہمانوں کو دیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریسٹورنٹ میں نکاسی کا نظام نہیں تھا اسی لئے مالک نے پانی کو ری سائیکل کرنے کا انوکھا نظام متعارف کرایا۔

باتھ روم اور بیسن کے پانی کو پودوں کی کھاد کے ذریعے صاف کیا جاتا اور پھر اس میں بارش کا پانی شامل کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ری سائیکل کرنے کے بعد پانی کو لیبارٹری سے بھی چیک کرایا، فلٹریشن سسٹم سے گزرنے والا پانی پینے کے قابل ہو جاتا ہے جبکہ اس میں ذائقے کیلئے نمکیات کو شامل کیا جاتا ہے۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق ری سائیکل پانی کو پینے کے علاوہ کافی بنانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
 

Advertisement