بچی کی پیدائش پر والدین نے نام ’’کورونا‘‘ رکھ دیا

Last Updated On 25 March,2020 07:32 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک)دنیابھر میں چین سے جنم لینے والی بیماری کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں تقریباً اٹھارہ ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ تاہم ایک حیران کن خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر پیدا ہونے والی بچی کا نام ’’کورونا‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے گورکھ پور میں بچی کی پیدائش اُس وقت ہوئی جب ملک بھر میں حکومت کی جانب سے جنتا کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 22 مارچ کو کرفیو نافذ کیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ گھروں تک ہی محدود رہیں۔

گورکھ پور سے تعلق رکھنے والے شہری نتیش تریپاتھی (ماموں) کا کہنا تھا کہ بچی کی پیدائش اتوار کے روز اُس وقت ہوئی جب شہر میں کرفیو لگا ہوا تھا، ہمیں اپنی بہن کو ہسپتال لانے میں بہت زیادہ مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بچی کا نام کورونا رکھا ہے اور اب اسی نام سے ہی سرکاری دستاویز میں اُس کا اندراج کروائیں گے۔

ترپاتھی کا کہنا تھا کہ میں نے بچی کی والدہ (راگنی ترپاتھی) سے بھی کورونا نام رکھنے کی اجازت لی جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کردی۔

ترپاتھی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کرونا وائرس بہت ہی خطرناک وبا ہے جس کی وجہ سے اب تک دنیا میں ہزاروں لوگ مرچکے ہیں۔

انہوں نے نام رکھنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھانجھی اتحاد کی علامت ہے، جس روز یہ پیدا ہوئی اُس دن پورا بھارت متحد ہوکر کرونا جیسی وبا لڑ رہا تھا۔
 

Advertisement