کوے نہایت اعلیٰ دماغ کے حامل قرار

Published On 14 December,2020 05:27 pm

برلن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کوے سماجی اور جسمانی ہنرمندی میں چمپنزی کے برابر ہوتے ہیں۔ کوے نہایت اعلیٰ دماغ کے حامل ہوتے ہیں۔

جرمن کے سائنسدانوں کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گو کہ کوے ساخت کے اعتبار سے ممالیہ جانوروں سے مختلف دماغ کے حامل ہوتے ہیں، تاہم سوچنے کے اعتبار سے ان کی صلاحیت غیرمعمولی ہے۔

مطالعاتی رپورٹ کے لیے آٹھ نوجوان کوؤں کو وہی ٹیسٹ دیے گئے، جو بن مانسوں اور لنگوروں کو دیے جاتے ہیں جن کے ذریعے ان کی جسمانی اور سماجی ذہانت جانچی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی بننے کا شوق لڑکی کو مہنگا پڑ گیا، 10 سال قید کی سزا

سائنٹیفک رپورٹس نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جانچ میں کوؤں کو ذہانت کے اعتبار سے چمپنزی کے  انتہائی قریب‘ پایا گیا۔

کوؤں کی دماغی صلاحیتوں پر کی جانے والی اس بڑی تحقیق کے ذریعے کوؤں اور بندروں کی ہنرمندی کی جانچ کی گئی ہے۔ رپورٹ میں  سائنس کے عظیم معموں‘ میں سے ایک کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ پرندوں اور ممالیہ کے اذہان کیسے اور کیوں مختلف ہیں۔

سائئنس دانوں کا کہنا ہے کہ تین سو ملین برس قبل ان دونوں کے اذہان متوازی طور پر ارتقائی عمل سے گزرنا شروع ہوئے۔ عام کوؤں کو جنوبی جرمن شہر میونخ کے قریب ماکس پلانک انسٹی ٹیوٹ برائے آرنیتھولوجی میں پالا گیا۔ اس کے بعد انہیں ایک بڑے پنجرہ نما جگہ پر چھوڑ دیا گیا اور پھر پی سی ٹی بی تجربات سے گزارا گیا۔ یہ وہ تجربات ہیں، جو بندروں کی ذہانت کی جانچ کے لیے کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انوکھی شرط: ’سرکاری نوکری چاہیے تو تمباکو نوشی چھوڑ دیں‘

ایک جانچ میں تین متحرک کوؤں میں سے ایک میں خوراک کا ٹکڑا چھپا کر کوے سے جانا گیا کہ خوراک کس میں ہے۔ تجربے میں بن مانس انگلی کے اشارے سے بتاتے ہیں جبکہ کوؤں کو چونچ کے ذریعے بتانا تھا۔

اسی طرح یادداشت کی صلاحیت سے متعلق بھی یہ جانچا گیا کہ کوے کس طرح چیزیں یاد رکھتے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق کوے دیکھ کر یا اشارہ کر کے دوسروں کے ساتھ ابلاغ کرتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق چار ماہ کی عمر کے نوجوان کوؤں نے چھ مختلف سماجی اور جسمانی ٹاسکس کی انجام دہی میں مکمل  ذہنی صلاحیتوں‘ کا مظاہرہ کیا۔ جرمنی کی اوسنا بروک یونیورسٹی کی پروفیسر اور اس پروجیکٹ کی قائد زیمونے پِکا اور ماکس پلانک انسٹیٹیوٹ کی مِریم زیما نے بتایا کہ چار ماہ کی عمر تک کوے خاصے خودمختار ہو چکے ہوتے ہیں۔ اس عمر میں وہ نئے چینلجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہو چکے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیوی سے لڑ کر سکون کیلئے 280 میل پیدل چلنے والے شوہر پر جرمانہ

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوؤں اور گریٹ ایپس کے درمیان قابل توجہ مماثلت پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ماکس پلانک انسٹیٹیوٹ برائے آرنیتھولوجی وہ ادارہ ہے، جس سے وابستہ سائنس دان کونراڈ لورینس نوبل انعام جیتے تھے۔